مباہلہ کیا ہے اور مسلمان عید مباہلہ کیوں مناتے ہیں؟
مباہلہ کا مطلب ہے ایک دوسرے پر نفرین کرنا تاکہ جو باطل پر ہے اس پر اللہ کا غضب نازل ہو اور جو حق پر ہے اسے پہچانا جائے۔ حق اور باطل میں تشخیص کی جائے۔ مباہلہ کسی خاص فرقے نہیں بلکہ مسلمانوں کی عید ہے۔
چوبیس ذالحجہ ہر سال ہمیں ایک عظیم واقعے کی یاد دلاتا ہے۔ یہ وہ دن ہے جس دن مسلمانوں کو عیسائیوں پر فتح حاصل تھی۔ مباہلہ کا واقعہ 10ہجری کو پیش آیا۔ نجران ایک علاقہ ہے جو یمن کے شمالی پہاڑی سلسلے میں واقعہ ہے جہاں عیسائیوں کی بڑی تعداد رہتی تھی۔ انہوں نے وہاں گرجہ گھر بھی بنایا ہوا تھا جہاں وہ عبادت کیا کرتے تھے۔ جب مسلمانوں نے مکہ کو فتح کیا اور اسلام تیزی سے پھیلا تو مختلف گروہ اسلام میں داخل ہوئے۔ دین کی دعوت کا ایک پیغام نجران کے عیسائیوں تک بھی پہنچا اُن میں سے کچھ لوگ مشطعل ہو گئے تو نجران کے بزرگ پادریوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ہم بغیر لڑے حل کریں گے۔ ایک طویل مزاکرات کے بعد یہ طے پایا کہ 14 لوگوں پر مشتمل ایک قافلہ مدینہ روانہ کیا جاۓ۔ جب قافلہ مدینہ پہنچا تو وہاں کے لوگ نجرانیوں کے شاندار لباس سے بہت متاثر ہوئے۔

جب حضرت محمد صلی علی علیہ والہ وسلم نے دیکھا تو اپنا منہ موڑ لیا۔ وہ لوگ مسجد نبوی سے باہر نکل آئے۔ حضرت علی علیہ السلام نے کہا کہ آپ لوگوں کا لباس آپ کی ذہنی برتری کی عکاسی کرتا ہے اس لئے آپ اپنا لباس تبدیل کریں پھر حضور آپ سے ملیں گے۔ جب انہوں نے اپنا لباس تبدیل کر لیا تو نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اُن سے ملاقات کی۔ مختلف موضوعات پر بات کرنے کے بعد بھی عیسائی اسلام قبول کرنے پر راضی نہیں ہوئے۔ اسی موقع پر آیت مباہلہ نازل ہو ئی۔
فَمَنْ حَاجَّكَ فِيهِ مِنْ بَعْدِ مَا جَاءَكَ مِنَ الْعِلْمِ فَقُلْ تَعَالَوْا نَدْعُ أَبْنَاءَنَا وَأَبْنَاءَكُمْ وَنِسَاءَنَا وَنِسَاءَكُمْ وَأَنْفُسَنَا وَأَنْفُسَكُمْ ثُمَّ نَبْتَهِلْ فَنَجْعَلْ لَعْنَتَ اللَّهِ عَلَى الْكَاذِبِينَ۔
(سورہ آل عمران، 61)
عیسائی اس بات پر راضی ہو گئے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت سلیمان فارسی کو تیاری کرنے کے لئے کہا۔ حضرت سلیمان نے لال قالین بچھایا۔ آج بھی اگر عیسائی کسی کو عزت دینا چاہیں تو وہ لال قالین بچھاتے ہیں جو مباہلہ کے دن کے اس عمل کی یاد دلاتا ہے۔
حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے ساتھ حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن اور حضرت حسین علیہ السلام کو لیا اور اپنے اس وفد کی قیادت کرتے ہوئے طے شدہ جگہ پر پہنچ گئے۔
سعد بن ابی وقاص نے روایت کی کہ جب آیت مباہلہ نازل ہوئ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا،
حضرت علی، حضرت فاطمہ،حضرت حسن اور حضرت حسین علیہ السلام میرے اہل بیت میں سے ہیں
(صحیح مسلم، جلد 2، صفحہ 287)
عیسائیوں کے اس وفد نے جب ان 5لوگوں کو دیکھا تو اُن میں سے بزرگ پادری ابو حریصہ نے کہا کہ میں ان ہستیوں کے روشن چہرے دیکھ رہا ہوں آگر یہ اللہ سے دعا کریں کہ یہ پہاڑ اپنی جگہ سے ہل جائے تو یہ ہل جائے گا ان سے مباہلہ مت کرو ورنہ تم برباد ہو جاؤ گے۔ اس مباہلہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ عیسائیوں نے کہا کہ ہم آپ سے دوستی کرنا چاہتے ہیں۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام سے کہا کہ تم ان کے ساتھ معاہدہ کر لو کہ یہ ہمیں جزیہ دیں گےاور پھر یہ ہماری سلامتی میں رہیں گے۔ جزیہ ٹیکس کو کہتے ھیں جو کسی ریاست میں رعایا حکومت کو دیتی ہے۔
یہ دن اسلام کی فتح کا دن ہے اسی لئے مسلمان اس دن عید مناتے ہیں اور تاریخ اسلام میں اس کی بڑی اہمیت ہے۔
حضرت امام دضا علیہ السلام فرماتے ہیں کہ
یہ اہل بیت کی ایسی خصوصیت اور اعزاز ہے کہ اس پر کوئی سبقت نہیں لے سکتا اور یہ ایسی منزلت ہے کہ جہاں تک کوئی شخص نہیں پہنچ سکتا اور ایسا شرف ہے جو آج سے پہلے کوئی حاصل نہیں کر سکا۔
تمام مسلمانوں کو عید مباہلہ مبارک!
تفسیر المیزان، جلد 1، جلد 2۔
